اورنگ آباد17اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر کے چیف انفارمیشن کمشنر رتناکر گایکواڑ کی دلت کارکنوں نے پٹائی کر دی۔یہ واقعہ اورنگ آباد سرکٹ ہاؤس پرہوا۔ جہاں گایکواڑ اپنی بیوی کے ساتھ سرکاری دورے پر تھے۔ گایکواڑ کو اندرونی چوٹ آنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ رتناکر گایکواڑ ممبئی کے امبیڈکر عمارت کی تعمیر نو کے کام کی نگرانی کر رہے تھے۔ اس گھر میں ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کی پرنٹنگ پریس واقع ہے۔ اس عمارت کی تعمیر نوکولے کرباباصاحب کی اولاد اور گایکواڑ میں اختلافات جاری ہیں۔سرکاری دورے پر آئے گایکواڑ اپنا دورہ ختم کرکے ایئرپورٹ کی طرف جانے کے لئے نکلے تھے تبھی ہوجن فیڈریشن کے کارکن پہنچے اور انہوں نے گایکواڑ پر دھاوا بول دیا۔ گایکواڑ نے بچنے کی کافی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ زمین پر گر جانے کی وجہ سے انہیں اندرونی چوٹ آنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس حملے کی قیادت مبینہ طور پر سابق کونسلر امت بھجبل کر رہے تھے۔ پولیس نے ان کے ساتھ9 دیگرکارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔